کراچی : ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت لئے گئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے خلاف امیدواروں نے ہفتے کو احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بینرز اورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ امیداروں اور والدین کی جانب سے ڈاؤ یونیورسٹی اور محکمہ صحت سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ پرچہ آوٹ کرنے والے مافیا کے خلاف کاروائی کیے بغیر دوبارہ پیپر لینا ان کو خود موقع دینے کے برابر ہے۔پیپر لیک میں ملوث افراد کے خلاف ایم ڈی کیٹ ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی کی جائے۔ مظاہرین نے انکشاف کیا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے تحت ہونے والا پرچہ تقسیم کیا گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شفافیت برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ ایم ڈی کیٹ منعقد کرایا جائے ورنہ گورنر ہاؤس جاکر احتجاج کریں گے اور انصاف مانگیں گے ۔