پیر, دسمبر 15, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

کووِڈ-19 ویکسینیٹرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مستقل کیا جائے، آل سندھ لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کا مطالبہ

کراچی : آل سندھ لیڈی ہیلتھ ورکرز اینڈ ایمپلائز یونین نے کووِڈ-19 کے دوران خدمات انجام دینے والے ویکسینیٹرز کی اچانک برطرفی پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا برطرفی نوٹیفکیشن فوری واپس لیا جائے اور انہیں مستقل روزگار فراہم کیا جائے۔

سینٹرل پریذیڈنٹ حلیماں لغاری ذوالقرنین نے اپنے بیان میں کہا کہ کوویڈ-19 کے نازک دور میں عوام کی جانیں بچانے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر، ایمانداری اور انتھک محنت کے ساتھ خدمات انجام دینے والے ویکسینیٹرز کو پانچ سال بعد فارغ کر دینا انتہائی ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے مشکل حالات، وسائل کی شدید کمی، حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی اور مکمل وبائی خطرات کے باوجود ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنایا۔ “آج انہی محنت کشوں کو بے روزگار کر دینا ان کی قربانیوں کی توہین ہے اور ان کے مستقبل کے لیے شدید مایوسی کا باعث ہے”۔

حلیماں لغاری کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ ان ویکسینیٹرز کی خدمات کو سرکاری سطح پر تسلیم کرتے ہوئے انہیں مستقل یا کم از کم مقررہ معیاد کے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کا باعزت طریقے سے پیٹ پال سکیں۔ یونین نے کہا کہ اگر برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو صوبے بھر میں احتجاجی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔