پیر, دسمبر 15, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

قومی گیمز، ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں تیر اندازی کے مقابلے اختتام پذیر

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں چار روز تک جاری رہنے والے 35ویں قومی گیمز کے تیر اندازی (آرچری) کے مقابلے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے، جن میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز حاصل کر کے برتری ثابت کی۔

مقابلوں میں پاکستان آرمی کی مریم فاروق نے خواتین انفرادی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ آرمی کے ادریس مجید نے ٹیم مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ مردوں کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان نیوی کے راشد مسعود نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ تقریب کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے آرگنائزنگ سیکریٹری لیفٹیننٹ کرنل محمد ناصر اعجاز، آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی سیکریٹری کرنل صدف اکرم اور سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان حکومت سندھ منور علی مہیسر بھی موجود تھے۔

ری کرو وومن مقابلوں میں آرمی کی اقراء فاروق نے گولڈ، پنجاب کی فاطمہ رضا نے سلور جبکہ واپڈا کی سعدیہ مائی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ری کرو مین میں نیوی کے راشد مسعود نے گولڈ، آرمی کے ادریس مجید نے سلور اور آرمی کے محمد آصف نے کانسی میڈل جیتا۔ ری کرو وومن ٹیم ایونٹ میں واپڈا کی کرن محمد، نگہت ناہید اور سعدیہ مائی نے گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ آرمی کی اقراء فاروق، کلثوم اور شائستہ نے سلور اور سندھ کی بتول فاطمہ، صنوبر امین اور عروبہ مہتاب نے کانسی میڈل اپنے نام کیا۔

ری کرو مین ٹیم میں آرمی کے ادریس مجید، محمد آصف اور محمد ندیم نے گولڈ، ایچ ای سی کے محمد اشعر، محمد عمر اور شہریار حسن نے سلور جبکہ واپڈا کے فہیم رضوان، مبشر نظر اور نعمان ثاقب نے کانسی میڈل حاصل کیا۔ری کرو مکس ٹیم ایونٹ میں واپڈا کی سعدیہ مائی اور نعمان ثاقب نے گولڈ، سندھ کی صنوبر امین اور اریب حسین نے سلور جبکہ پولیس کی صائمہ خانم اور اسامہ مصطفی نے کانسی میڈل جیتا۔ اوجھا کیمپس میں منعقدہ ان مقابلوں میں ملک کی ممتاز ٹیموں نے شرکت کی، جن میں پاکستان آرمی، ایئر فورس، نیوی، پولیس، ایچ ای سی، واپڈا، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ شامل تھیں۔ مقابلوں کے دوران کھیلوں کے اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ نے شائقین کو متاثر کیا۔

سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے ڈاؤ یونیورسٹی کی میزبانی اور انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے قومی سطح کے ایونٹ کو بہترین انداز میں منعقد کر کے کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ قبل ازیں پرو وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن اور ڈائریکٹر اسپورٹس مہناز گیتے نے انتظامات کا جائزہ لیا اور چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ 8 سے 11 دسمبر تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں کھلاڑیوں نے غیر معمولی مہارت، نظم و ضبط اور جذبے کا مظاہرہ کیا، جس نے اس چیمپئن شپ کو پاکستان میں ابھرتی ہوئی اسپورٹس صلاحیتوں کا حقیقی جشن بنا دیا۔ ڈاؤ یونیورسٹی نے بطور میزبان پیشہ ورانہ ماحول فراہم کر کے نوجوانوں کی ترقی، کھیلوں کے فروغ اور قومی یکجہتی کے عزم کو عملی شکل دی