راولپنڈی : راولپنڈی میں تین ماہ کے دوران 320بچے خسرہ سے متاثر اور 8بچے انتقال کر گئے جس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر احسان غنی کے مطابق جنوری سے اب تک راولپنڈی میں 320 بچے خسرہ سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد ویکسی نیشن کا عمل تیز کر دیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک خسرہ سے متاثرہ 8 بچے انتقال کر چکے ہیں جس کے بعد ویکسی نیشن کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خسرہ سے متاثرہ 320 بچوں میں سے بیشتر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ راول ٹاؤن کی 46 یونین کونسلوں میں خسرہ کے 142 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ ٹیکسلا میں 24 بچے خسرہ سے متاثر ہوئے۔خسرہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھنے پر محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے نوٹس لے کر خسرہ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔