کراچی : انڈس ہسپتال ہیلتھ نیٹ ورک (آئی ایچ ایچ این) اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے درمیان بہترین اصولوں پر عمل درآمد کے لیے اشتراک عمل بالخصوص ٹیلی میڈیسن کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت طے پاگئی ہے۔ دونوں ادارے مریضوں کو ریفر کرنے کے لیے اشتراک عمل کو فروغ دینے کے ساتھ دونوں سہولتوں کے لیے مریضوں کو تجویز کرنے کا مکینزم تشکیل دیں گے۔
مفاہمت کی یادداشت پر انڈس ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر ظفر زیدی اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر احسن ربانی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے افسران موجود تھے۔
ڈاکٹر احسن ربانی نے کہا کہ یہ اشتراک عمل چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی ٹیم کی تشکیل کردہ جدید ٹیلی میڈیسن سروسز کی افادیت کا اعتراف ہے جس کا دائرہ کار 130سے زائد سرکاری ہسپتالوں تک وسیع کیا جاچکا ہے۔ ہمیں ٹیلی میڈیسن کے شعبہ میں اپنی مہارت اور تجربہ انڈس ہسپتال کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے کی جانے والی شراکت داری پر فخر ہے۔ یہ شراکت داری ورچوئل ایمرجنسی نگہداشت کے ماڈل کو ملک بھر میں فروغ دے کر قیمتی جانوں کو بچانے میں نمایاں مدد ملیگی۔ مریضوں کو ریفر کرنے کے لیے انڈس ہسپتال کے ساتھ ایک طریقہ کار کی بنیاد بننے والا یہ اقدام ہمارے لیے باعث فخر ہے جس سے بلامعاوضہ ہیلتھ کیئر خدمات کی سہولت ملک بھر میں پھیلانے میں مدد ملیگی۔
انڈس ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر ظفر زیدی نے کہا کہ یہ شراکت داری ٹیلی میڈیسن کے شعبہ میں رہنما اصولوں پر عمل درآمد اور مریضوں کو ریفر کرنے کے ساتھ اعلیٰ معیار کی نگہداشت سے متعلق ہے۔ انڈس ہسپتال ملک بھر میں پھیلے اپنے ہسپتالوں کے نیٹ ورک سے لاکھوں مستحق مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولتیں بلامعاوضہ مہیا کرتا ہے۔چائلڈ لائف کے ساتھ شراکت داری کا مقصد طبی سہولتوں سے محروم ملک کے دور دراز علاقوں تک ٹیلی میڈیسن کے ذریعے طبی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے تاکہ ملک میں صحت کے مسائل کا شکار غریب طبقے کو علاج معالجہ کی سہولت مہیا کی جاسکے۔