جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں لاوارث لاشوں کی شناخت کو سوفیصد یقینی بنانے کیلئے نادراکے ساتھ ایم او یو

لاہور : سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمد جاوید قاضی کی زیرصدارت منگل کے روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری محمد عثمان،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرحافظ شاہدلطیف،ایڈیشنل سیکرٹری شاہدہ فرخ،ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل،نادراسے محمدوقاص اورغلام فرید،پی آئی ٹی بی سے کمیل رضوی اور ڈائریکٹر، سمزسے پروفیسرعارف رشید،محکمہ ہوم سے ڈپٹی سیکرٹری ارشاد اورڈپٹی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرمزمل نے شرکت کی۔

سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں لاوارث لاشوں کی شناخت کے حوالہ سے اقدامات کاجائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرحافظ شاہدلطیف اورنادراکے متعلقہ افسران نے اجلاس کے دوران سیکرٹری صحت کو پنجاب اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمد جاویدقاضی نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں لاوارث لاشوں کی شناخت کو سوفیصدیقینی بنانے کیلئے نادراکے ساتھ ایم اویوسائن کیاجائے گا جبکہ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ پولیس اور محکمہ ہوم بھی سرکاری ہسپتالوں میں لاوارث لاشوں کی شناخت کے سلسلہ میں اہم سٹیک ہولڈرزہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی لاوارث لاش کی شناخت کرنا محکمہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں لاوارث لاشوں کی شناخت کے حوالہ سے یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لاوارث لاشوں کی شناخت کے حوالہ سے پی آئی ٹی بی نے ایک اچھاسوفٹ وئیرڈیزائن کیاہواہے۔ محکمہ ہوم کی جانب سے لاوارث لاشوں کی شناخت کے جاری شدہ نوٹیفکیشن پرعملدرآمدکیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہا کہ لاوارث لاشوں کی شناخت کے بعد لوکل گورنمنٹ تدفین کے عمل کا آغازکرے گی۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں لاوارث لاشوں کی شناخت کے سلسلہ میں صحت کے دونوں محکمہ جات نادراسے مکمل تعاون کریں گے۔ محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرنے ایم اویوپر سوفیصدعملدرآمدکیلئے فوکل پرسنزمقررکردئیے گئے ہیں۔ ایم اویوکے بعدپنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں لاوارث لاشوں کی شناخت کاریکارڈ مزیدمربوط طریقے سے جمع کیاجائے گا۔ ایم اویوکے بعدپنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکولیگل کیسزمیں بھی معاونت حاصل ہوگی۔