صدر نیشنل کونسل فار طب حکیم محمد احمد سلیمی نے کہا ہے کہ طب کونسل حجامہ کی سرکاری سرپرستی کے اقدامات کررہی ہے۔ لاہورحجامہ سمپوزیم میں اس حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی ہے ۔ کونسل کے حالیہ اجلاس میں کوالیفائیڈ اطباء کے لئے چھ ماہ کے حجامہ سپیشلائزڈ سرٹیفکیٹ کورس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ فاضل الطب و الجراحت کے سال سوم کے نصاب میں حجامہ کے نئے تفصیلی باب کا اضافہ کیا ہے اور سال سوم میں ہی حجامہ کا پریکٹیکل بھی رکھا گیا ہے۔ بطور طبیب رجسٹریشن سے پہلے لازمی ہاوس جاب میں حجامہ ہینڈ آن ٹریننگ بھی ضروری قرار دے دی گئی ہے۔
حجامہ (کپنگ تھراپی) ایک سائنٹفک طریقہ ہے جسے یونانی اطباء مریضوں کے علاج کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان میں مختلف بیماریوں اور مسائل کے علاج، صحت کو برقرار رکھنے اور اسے بہتر کرنے کے ذریعہ کے طور پر عام رائج ہے۔
صدر نیشنل کونسل نے مزید بتایا کہ حجامہ کرنے کا اختیار قانونی طور پر صرف کوالیفائیڈ رجسٹرڈ طبیب کو ہے۔