سندھ میں بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا دوسرا مرحلہ یکم نومبر سے شروع ہوگاجس میں 25لاکھ بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کرائی جائے گی۔
حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشاد احمد میمن کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں5سے 11سال تک کے بچوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کے لئے مہم یکم نومبرسے 7نومبر تک جاری رہے گی ۔مہم کے دوران 25لاکھ بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جن بچوں کو پہلی خوراک لگ چکی ہے انہیں ہی دوسری خوراک دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی کورونا ویکسی نیشن مہم کے پہلا مرحلہ 19سے 24ستمبر تک جاری رہا تھا جس میں 25لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی گئی ۔ انہی بچوں کو کراچی کے 7اضلاع اور حیدرآباد میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اور والدین کو مہم سے آگاہ کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیںگے اور جو والدین انکاری ہیں ان کی کاؤنسلنگ کی جائے گی تاکہ تمام بچوں کو ویکسین لگ سکے۔
انہوں نے مذید کہا کہ ویکسی نیشن سے بچوں میں مدافعت پیدا ہوگی اور اسی صورت وہ اور دیگر افراد وائرس سے محفوظ رہ سکیں گے ۔