پاکستان میں پہلی بار کسی نرس کو امریکن اکیڈمی آف نرسنگ کا فیلو مقرر کیا گیا ہے جو ملک میں شعبہ نرسنگ کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ یہ نرسنگ کے شعبہ میں سنگ میل قرار دیا جارہا ہے ۔ آغا خان اسکول آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری کی ڈین اور پروفیسر ڈاکٹر روزینہ کرملیانی کو امریکن اکیڈمی آف نرسنگ میں شامل کیا گیا ہے ۔
امریکن اکیڈمی آف نرسنگ ، نرسنگ کی سب سے بڑی بین الاقوامی تنظیموں میں سے ایک ہے جو دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے بہتر نتائج اور نرسنگ کی تعلیم و تربیت کو فروغ دینے کا کام کرتی ہے ۔ ان کی فیلو شب وہ اعلیٰ ترین اعزاز ہے جو نرسنگ کے ان پیشہ ور افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے مقامی اور عالمی سطح پر تعلیم ، تربیت ، تحقیق اور پالیسی کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال پر اثرات مرتب کیے ہوں ۔
اپنی 50 سالہ تاریخ میں امریکن اکیڈمی آف نرسنگ نے دنیا بھر سے 3 ہزار فیلو شامل کیے ہیں ۔ ڈاکٹر روزینہ کرملیانی پاکستان اور وسطی و جنوبی ایشیائی خطے کے اندر پہلی اور واحد رکن ہیں جنہوں نے نرسنگ کے شعبے میں ملک کا نام روشن کرتے ہوئے اکیڈمی میں جگہ بنائی ۔
یہ اعزاز انہیں واشنگٹن ڈی سی امریکہ میں سالانہ ہیلتھ پالیسی کانفرنس کے دوران دیا گیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر روزینہ کرملیانی کا کہنا تھا کہ عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی کرنا باعث فخر ہے ۔ تقریب میں آغا خان یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی رکن ڈاکٹر عفاف میلیس نے بھی شرکت کی ۔