یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے پی ایچ ڈی ڈگری تین سے چار سال میں مکمل کرانے کا اعلان کردیا۔یو ایچ ایس اس وقت گیارہ شعبوں میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دے رہی ہے۔پانچ سال سے زیادہ عرصہ سے رجسٹرڈ سٹوڈنٹس کو تھیسس جمع کرانے کیلئے چھ ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔مقررہ وقت میں تھیسس جمع نہ کرانے والے طلبہ کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائیگی۔ یونیورسٹی نے بغیر ڈگری مکمل کیے فارغ ہونے والے طلبہ پر آنے والا خرچ بھی واپس لینے کا عندیہ دیدیا۔
اس حوالے سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور نے جمعہ کے روز پی ایچ ڈی سٹوڈنٹس سے ملاقات کی۔وی سی نے بعض طلبہ کی جانب سے ڈگری مکمل کرنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سال سے انرول طلبہ کو چھ ماہ میں لازمی تھیسس جمع کرانے کے نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ تھیسس جمع نہ کرانے والے پی ایچ ڈی طلبہ کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔جن طلبہ کی رجسٹریشن منسوخ ہوگی ان پراب تک آنے والا خرچہ بھی یونیورسٹی واپس لے گی۔ ان کا کہنا تھا اگر شعبہ صحت کو ضروری ہیومن ریسورس نہ دے سکے تو یونیورسٹی کا کوئی فائدہ نہیں۔یو ایچ ایس کے قیام کا بنیادی مقصد ہی پنجاب کے نظام صحت کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے سینٹر آف ایکسیلنس بنائیں گے۔آئندہ سے پی ایچ ڈی ڈگری تین سے چار سال میں مکمل کرائیں گے۔تمام پی ایچ ڈی سٹوڈنٹس فل ٹائم طلبہ ہوں گے، پارٹ ٹائم پی ایچ ڈی نہیں ہوگی۔پی ایچ ڈی کا comprehensive امتحان داخلے کے ایک سال کے اندر ہوگا۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ اس سال پی ایچ ڈی کے داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ نومبر کے چوتھے ہفتے میں ہوگا۔داخلے کیلئے انٹرویو دسمبر میں جبکہ پہلی میرٹ لسٹ جنوری 2023 کے پہلے ہفتے میں لگے گی۔پی ایچ ڈی کی کلاسز کا آغاز جنوری 2023 میں ہوگا۔
وی سی یو ایچ ایس کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی کے کمپریہنسوو ایگزامینیشن کے چھ ماہ کے اندر synopsis کی منظوری ہوگی۔پی ایچ ڈی کا ریسرچ ورک 18 سے 24 ماہ کے اندر مکمل کرنا ہوگا۔میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پی ایچ ڈی طلبہ کے ریسرچ ورک کی سہ ماہی بنیادوں پر مانیٹرنگ کریگا۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس سے رجسٹرڈ پی ایچ ڈی طلبہ کو خود احتسابی کیلئے 15 دن کا وقت دے رہے ہیں۔ وی سی یو ایچ ایس نے رجسٹرار یو ایچ ایس کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ اور دیگر اہم باڈیز کے اجلاسوں کے منٹس 72 گھنٹے کے اندر جاری کریں۔پروفیسر احسن وحید راٹھور نے پی ایچ ڈی طلبہ کے مسائلِ سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔