پنجاب کے پانچ اضلاع میں بچوں کی کورونا ویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کردیا گیا۔ پنجاب کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) کی جانب سے پنجاب کے پانچ اضلاع میں بچوں کی کورونا ویکسی نیشن مہم کے دوسرے راؤنڈ کا انعقاد 31 اکتوبر سے 5 نومبر تک کیا جا رہا ہے۔
ورونا ویکسی نیشن کے دوسرے راؤنڈ کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں کی جانب سے چھ دن پنجاب کے پانچ اضلاع میں 5 سے 12 سال کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ای پی آئی حکومت پنجاب ڈاکٹر احتشام الحق، نے مقامی ہوٹل میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ای پی ائی پنجاب پانچ اضلاع بشمول لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور اور اوکاڑہ میں بچوں کی کورونا ویکسی نیشن مہم کا انعقاد فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (ایف ڈی آئی) اوریوایس ایڈ کے باہمی تعاون اور یونیسیف اور ڈبلیو ایچ اوکی شراکت داری سے سر انجام دے رہا ہے۔
بچوں کی ویکسی نیشن کے دوسرے راؤنڈ میں صرف ان بچوں کو ویکسین کی ڈوز لگائی جائے گی جنہیں گزشتہ ماہ میں پہلے راؤنڈ میں پہلی ڈوز لگائی جا چکی ہے۔کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے اس میڈیا بریفنگ کا انعقاد یوایس ایڈ کی جانب سے کیا گیا جبکہ اس موقع پرمحکمہ صحت کے سینیئر افسران بشمول ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر ڈاکٹر رانا سہیل ارشد، ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول ڈاکٹرشاہد مگسی، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر عامر مفتی، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، ڈی جی پی آر کے افسران سمیت عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس ضمن میں میڈیا کے ساتھ بچوں کی ویکسینیشن کے پہلے راؤنڈ کی کامیاب تکمیل پر ای پی آئی اور شریک اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر ای پی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے راؤنڈ کی کامیابی کی بنیاد پرہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو کورونا کے خلاف مکمل حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اور وبائی مرض کے خلاف زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کریں گے۔
ڈاکٹر احتشام کا مزیدکہنا تھا کہ’’ہمیں یقین ہے کہ والدین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے بچوں کو ویکسین کی دوسری خوراک مل جائے تاکہ وہ وائرس کے خلاف مکمل حفاظتی ٹیکوں سے مستفید ہو سکیں۔
ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر رانا سہیل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا بچوں میں کورونا کا پھیلاؤ اور اثرات بالغوں کی نسبت مختلف ضرورہو سکتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ وہ وائرس اور بیماری سے بالکل محفوظ ہیں اور انھیں کورونا کا مرض لاحق نہیں ہو سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہمارے بچوں کو ان کی دوسری خوراک مل جائے تاکہ نہ صرف وہ بلکہ ہم سب اس متعدی وائرس سے بھی محفوظ رہیں۔عالمی سطح پر، بچوں کے لیے کورونا ویکسی نیشن مہم نے مثبت نتائج دکھائے ہیں اور وائرس کے مضر اثرات کم کرنے میں بہت مدد کی ہے۔ بچوں پر ویکسین کے کوئی نقصان دہ اثرات نہیں دیکھنے میں نہیں آئے لہذا ہم والدین سے اپنے بچوں کی ویکسینیشن مکمل کرنے پر زور دیتے ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب ڈاکٹر عبدالجبار کا کہنا تھاکہ ہمیں یقین ہے کہ بچوں کی کورونا ویکسی نیشن مہم کے دوسرے راونڈ میں بھی ای پی آئی کی ٹیم پہلے کی طرح کامیاب ہو گی اور والدین پنجاب کو کووڈ فری بنانے کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔ انھوں نے کورونا ویکسی نیشن میں تعاون کرنے والے شراکت داروں کی کوششیں کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مہم کی کامیابی میں ان اداروں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اسور امید ہے کہ مستقبل میں بھی ان لوگوں کی جانب سے تعاون جاری رہے گا۔
بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم کے دوسرے راؤنڈ میں 31 اکتوبر سے 5 نومبر کے درمیان پنجاب کے پانچ اضلاع لاہور، ملتان، راولپنڈی، بہاولپور اور اوکاڑہ میں 5 سے 12 سال کے بچوں کوکورونا ویکسینیشن کی دوسری ڈوز کگائی جائے گی۔
ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب نے دوسرے راؤنڈ کے لیے کیے جانیوالے انتظامات کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے لیے 6586 موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں مختص کی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ کوریج کے لیے 773 فکسڈ اسٹیشنزبھی لگائے گئے ہیں جہاں بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
ای پی آئی پنجاب کے انڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالجبار نے اس موقع پر کورونا ویکسی نیشن کے پہلے راؤنڈ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں،این سی او سی اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کی ہدایات پر ای پی آئی پنجاب نے بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم کے پہلے راؤنڈ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 96 فیصد بچوں (4.6 ملین) کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی۔