جمعہ, دسمبر 13, 2024

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں اسمارٹ کلاس روم اینڈ لرننگ سروسزکا افتتاح

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ کہ دنیا تعلیم کے میدان میں بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ہمیں بھی تعلیمی ترقی کو تیزی سے بڑھا کر دنیا کی رفتار سے ہم آہنگ کرنا ہو گا بصورت دیگر ہم بحیثیت قوم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں اسمارٹ کلاس روم اینڈ لرننگ سروسز، ڈیجیٹل لرننگ سینٹر، پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے افتتاح اور سیمولیشن لیب سمیت یونیورسٹی کی جدید تعلیمی سہولتوں کے دورے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، پرنسپل ڈاؤ میڈیکل کالج پروفیسر صبا سہیل نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر نصرت شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق، ڈائریکٹر فنانس سید زین العابدین شاہ، ڈائریکٹر ایچ آر سید فرحان،تمام ڈائریکٹرز، مختلف انسٹیٹیوٹ کے پرنسپلز، ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جاوید میمن و دیگر بھی موجود تھے۔

پروفیسر مختار احمد نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا ہر روز آگے سے آگے جا رہی ہے ہمیں نہیں معلوم یہ ٹیکنالوجی ہمیں کہاں لے کر جائے گی تین جنریشن میں سے ہم کسی ایک کا حصہ ہو سکتے ہیں جس میں سیون جنریشن اور ایڈوانس جنریشن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈیجیٹل اسمارٹ کلاس روم کے ذریعے تعلیم دینے کا تصور رکھتا ہے۔ اس کے لئے ہم کراچی لاہور اسلام آباد میں ڈیٹا سینٹر قائم کر رہے ہیں اور تعلیمی اداروں کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کلاس روم کو ایڈوانس لیول کے ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پر لے جانا ہوگا۔

پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے پچھتر لیور ٹرانسپلانٹ مکمل کر لیے ہیں. ایچ ای سی نے ڈاؤ ڈینٹل کالج کی آٹھ منزلہ عمارت اور لیور ٹرانسپلانٹ کے لیے بہت زیادہ معاونت کی اور فنڈز فراہم کیے۔انہوں نے کہا کہ آج صرف تین ڈیجیٹل سینٹرز کا افتتاح ہوا ہے جلد ہی پوری یونیورسٹی کا ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ہم عوامی سطح کے سوفٹ ویر اختیار کرکے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب قدم بہ قدم بڑھا رہے ہیں جہاں فیس سسٹم بھی خود کار ہوگا۔

پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ڈاؤ کالج آف بائیوٹیکنالوجی بھی نئے علاقے میں منتقل ہوگیا ہے جس کا جلد ہی افتتاح ہوگا۔ ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر صبا سہیل نے کہا کہ ہم نے ڈیجیٹل لائبریری سے اپنی ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کیا تھا اور آج پوری یونیورسٹی ڈیجیٹلائز ہونے جا رہی ہے.

تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر مختار احمد کو ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق نے سے سووینیئر پیش کیا۔