جمعرات, دسمبر 12, 2024

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پولیو کے خاتمے کے لئے روٹری انٹرنیشنل اورالمصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے درمیان معاہدہ

روٹری انٹرنیشنل اورالمصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے درمیان کراچی پریس کلب میں باہمی تعاون کامعاہدہ ہوگیا ۔معاہدے کی دستاویز پرروٹری انٹرنیشنل کے صدرگورڈن آرمیکنیلسی اورالمصطفیٰ کے صدرڈاکٹرعبدالرحیم نے دستخط کئے ۔اس موقع پر المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب،ڈائریکٹر روٹری انٹرنیشنل فیض احمدقدوائی،پولیو پلس کمیٹی کے چیئرمین عزیز میمن،پاسٹ ڈسٹرکٹ گورنر انجینئر محمد اقبال قریشی،المصطفیٰ کے جنرل سیکریٹری احمدرضا طیب،شیخ راشدعالم،معین خان اوررضوان بھٹی بھی موجودتھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روٹری کے صدرنے کہاکہ روٹری انسانی خدمت کی دنیامیں سب سے بڑی تنظیم ہے جو مقامی سماجی اداروں کے ساتھ مل کر تعلیم اورصحت کے شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوںنے پولیو سے نجات کیلئے روٹری کی کوششوں پرتفصیلی بریفنگ دی اورا س سلسلے میں روٹری سے بھر پورتعاون کرنے پر المصطفیٰ اورڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب کاشکریہ اداکیا۔

انہوںنے کہاکہ روٹری حکومت پاکستان اورالمصطفیٰ جیسے سماجی اداروں کے ساتھ مل کر پولیو سے نجات کیلئے سرگرم کرداراداکررہی ہے۔ حالیہ سیلاب کی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وہ اندرون سندھ گئے تھے صورتحال توقع سے زیادہ خراب ہے، ان شاء اللہ جلدسیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات شروع کررہے ہیں جس میں روٹری گوٹھ کے نام سے متاثرہ علاقوں میں مکانات تعمیر کرائے جائیں گے۔

حاجی حنیف طیب نے کہاکہ المصطفیٰ طویل عرصہ سے پولیو کے خاتمہ اورناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے بھرپورکرداراداکررہی ہے اس سلسلے میں ہم روٹری کے ورکنگ پارٹنر بھی بھرپورکرداراداکرتے رہیں گے ،تقریب میں موجودتمام افرادنے اس عزم کااعادہ کیا کہ آج کا معاہدہ عوام کیلئے نیک شگون ثابت ہوگا ۔