پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے مبینہ غفلت سے خاتون کی ہلاکت پر جوہر ٹاؤن لاہور کے کاسموپلاسٹ اسپتال کو سیل کر دیا ہے۔کمیشن نے اسپتال کے تین آپریشن تھیٹرز کو سیل کرنے کے ساتھ نئے مریضوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ۔
لاہور کے شہری شعیب احمد نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میںدرخواست جمع کرائی کہ ان کی اہلیہ لائپوسکشن سرجری کرانے کے لیے کاسمو پلاسٹ اسپتال جوہر ٹاؤن گئی تھیں۔ سرجری کے بعد مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور پھر وہ ہوش میں نہ آسکیں اور جاں بحق ہوگئیں ۔درخواست گزار نے موت کی وجہ غیر پیشہ ورانہ طبی عملہ، سنگین طبی غفلت اور نجی اسپتال میں ایمرجنسی کی ناکافی سہولیات کو قرار دیا۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی تحقیقاتی ٹیم نے کاسموپلاسٹ اسپتال کی انسپیکشن کی ۔ اس دوران پتہ چلا کہ وہاں نہ تو ایمرجنسی کا اچھاانتظام ہے، نہ ہی آئی سی یو کی سہولت اور مریضوں کو منتقل کرنے کامناسب بندوبست ہے۔ انفیکشن کنٹرول پروٹوکول کی تعمیل سے متعلق ریکارڈ میں بھی کمی پائی گئی جبکہ 24 گھنٹے طبی کوریج اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کا کوئی دستاویزی ثبوت دستیاب نہیں تھا۔
اسپتال میں شکایت کے انتظام، فائر سیفٹی اور میڈیکل کوریج کا بھی فقدان پایا گیاجس پر ٹیم نے اسپتال کے تمام تینوں آپریشن تھیٹرز کو سیل کر دیا اوران ڈور اور سرجیکل سروسز کو بھی معطل کر دیا۔اسپتال کی انتظامیہ کو قانونی نوٹس بھی دیاگیا ہے کہ یہ کمیشن کی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں اورتعمیلی رپورٹس بھی جمع کروائے۔ترجمان کے مطابق کمیشن بدقسمت مریضہ کی موت کی تحقیقات جاری رکھے گا۔