بینک الفلاح نے الخدمت کراچی کے ساتھ مل کرمتاثرین سیلاب کیلئے قائم کی گئی” خیمہ بستی“ کے انتظامات کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ الخدمت نے سندھ کے مختلف علاقوں میں30سے زائد خیمہ بستیاں قائم کی ہیں، جن میں متاثرین کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ بینک الفلاح نے الخدمت کی خدمات سے متاثر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کا فیصلہ کیا ۔
سیہون میں قائم الخدمت خیمہ بستی 120خیموں پر مشتمل ہے جس میں500 سے زائد سیلاب متاثرین آباد ہیں، ان متاثرین کیلئے کھانا، پینے کا پانی، راشن اور ان کی دیگر ضروریات کا خیال رکھنے میں بینک الخدمت سے تعاون کرے گا۔
چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ بینک کی جانب سے”الخدمت خیمہ بستی“ کے انتظامات میں معاونت قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے جس بڑے پیمانے پر تباہی آئی تھی، اس کیلئے کیا جانے والا کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ متاثرین کی مکمل بحالی حکومتوں کا کام ہے مگر ایک این جی او اپنے وسائل کے مطابق ہی وہاں کام کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدمت کے اس کام میں اداروں کو بھی آگے آنا چاہیے، سندھ بلوچستان کے متاثرین سیلاب مشکلات کا شکار ہیں۔ بینک کے اعلیٰ عہدے دار جلد سکھر الخدمت کے ذمہ داران کے ساتھ سکھر کی خیمہ بستی کا بھی دورہ کریں گے۔
نوید علی بیگ نے مذید کہا کہ الخدمت سیلاب کی آمد سے اب تک کروڑوں روپے کا سامان متاثرہ علاقوں میں بھجوا چکی ہے۔لوگوں کا تعاون جاری ہے اورجو لوگ اس خدمت میں حصہ لے رہا ہے ان کا جذبہ قابل قدر ہے ۔الخدمت کی جانب سے سیلاب متا ثرین کیلئے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر الخدمت فلڈ ریلیف مرکز سے سامان متاثرہ علاقوں میں بھیجا جارہا ہے۔