الخدمت کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی 27ویں کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔10ٹرکوں پر مشتمل امدای سامان کی کھیپ الخدمت کے ریلیف مرکز سے روانہ کی گئی ۔ سامان میں ملبوسات ،پینے کا پانی ،خشک راشن ،فلڈ واٹر فلٹریشن پلانٹس اور 1000سے زائد واٹر کین شامل تھے۔
متاثرین کیلئے موسم سرما کے آغاز کے پیش نظر بڑی تعداد میں رضائیاں بھی بھیجی گئی ہیں ۔ سامان اندرون سندھ اور کوئٹہ روانہ کیا گیا ہے۔ جہاں سے الخدمت کے مقامی ذمہ داران کے ذریعے سامان متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا ۔ سامان ایگز یکٹو ڈائر راشد قریشی ودیگر ذمہ داران نے روانہ کیا۔
دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کے امدادی کام جاری ہیں ۔الخدمت اب تک کروڑوں روپے کا سامان متاثرہ علاقوں میں بھجوا چکی ہے، جبکہ الخدمت کے مقامی ذمہ داران سندھ وبلوچستان کے علاقوں میں یہ امدادی سامان تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں کھیپ میں فلڈواٹر فلٹریشن پلانٹ بھی بھیجے گئے ہیں،جبکہ موسم سرما کے آغاز کے پیش نظر متاثرین کیلئے رضائیاں بھی بھیجی گئی ہیں ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار امدادی کاموں میں مستعد ہیں ۔ سیلاب متاثرین اب بھی کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں اور مکمل بحالی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں اب بھی پانی جمع ہے جو متاثرین کیلئے پریشانی کا سبب بنا ہے۔ الخدمت کی جانب سے قائم خیمہ بستیوں میں متاثرین کو راشن ،کھانا اور پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
راشدقریشی نے کہا کہ موسم سرما میں متاثرین سیلاب کیلئے نئی آزمائش آنے والی ہے۔ سرد موسمی حالات سے کھلے آسمان تلے موجود متاثرین مشکلات بھی بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ایسی صورتحال میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم متاثرین کی مدد کریں اسی لیے ہم نے رضائیاں بھجوائی ہیں۔ سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی متاثرین کو درپیش سخت حالات سے نمٹنے کیلئے وہ الخدمت کا ساتھ دیں ۔