یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے طلبا کی ریسرچ گرانٹ میں 100فیصد اضافہ کردیا گیا۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ایم فل، پی ایچ ڈی طلبہ کو تحقیق کی مد میں ملنے والی رقم کو دگنا کیا گیا ہے۔ایم فل کیلئے ریسرچ گرانٹ سوا لاکھ سے بڑھا کراڑھائی لاکھ روپے جبکہ پی ایچ ڈی کیلئے ریسرچ گرانٹ پونے 4لاکھ سے بڑھاکر ساڑھے سات لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ایم فل، پی ایچ ڈی کے طلبہ کوایکس اور وائی کیٹگری جرنلز میں ریسرچ پیپر شائع کرنے پر ایک سال کی فیس کے برابر اعزازیہ بھی ملے گا۔اس بات کو فیصلہ جمعرات کو وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کی صدارت میں ہونے والے ایم فل/پی ایچ ڈی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
اپنے خطاب میں پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ تحقیق اور تخلیق علم ہی یونیورسٹی کا بنیادی کام ہے۔میڈیکل سائنسز میں تحقیق کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یو ایچ ایس کو ریسرچ میں بہترین کارکردگی پر عالمی رینکنگ ملی۔ہماری واحد میڈیکل یونیورسٹی ہے جو اپنے بجٹ کا 10فیصد سے زائد ریسرچ پر خرچ کرتی ہے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہاکہ ریسرچ کیلئے آئندہ مالی سال میں 17کروڑ 60لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔