سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت صالحہ سعید، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عاصم الطاف اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے سی ای اوز کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

سیکرٹری صحت پنجاب علی جان نے کہا کہ اوپی ڈی کے مریضوں کے لئے تمام ہسپتالوں میں ٹاپ اپ میڈیسن جلد فراہم کی جائیں گی۔ متعلقہ سی ای اوز ادویات کی مزید تقسیم اور ہیلتھ فیسلیٹیز تک ڈیلوری یقینی بنائیں گے ۔سی ای اوز ادویات کا ریکارڈ ایم آئی ایم ایس پورٹل پر لوڈ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب تمام ہسپتالوں میں انڈور، ایمرجنسی اور اوپی ڈیز میں مفت ادویات کی فراہمی کو خود مانیٹر کررہے ہیں۔وزیراعلی کی ٹیمیں مختلف اوقات میں ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیں گی۔پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین بدستور کام کرتے رہیں گے، انکو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔
سیکرٹری صحت کا اپنے دورہ کے دوران سرگودھا، حافظ آباد اور چکوال کے مرکز صحت کی مخدوش صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یکم اگست سے دوبارہ دورہ کرکے مراکز صحت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔صحت عامہ کی سہولیات میں کوئی غفلت ، عدم توجہی برداشت نہیں کی جائیگی۔تمام مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کے موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا ۔