حکومت پنجاب نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مطالبہ اور اوپی ڈی میں ہڑتال کے معاملہ کو سنجیدگی سے حل کرتے ہوئے سرگودھا کے تمام معطل ڈاکٹروں کو بحال کرنے کااعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔
اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر محمد خان، ڈاکٹر نثار اقبال، ڈاکٹر احمد معاز ،ڈاکٹر عرفان طاہر اور سٹاف نرس فرزانہ بتول بحال ہونے والوں میں شامل ہیں ۔ان تمام طبی عملے کو بحال کیا جاتا ہے ۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ڈی ایچ کیو اسپتال سرگودھا کے دورے کے بعد طبی عملے کو معطل کیا تھا۔ ینگ ڈاکٹرز نے اس معطلی کے خلاف لاہور کے اسپتالوں میں او پی ڈیز کا بائیکاٹ جاری رکھا۔لاہور کے بعد یہ احتجاج صوبے بھر میں پھیل گیا اور دیگرشہروں میں بھی ہڑتال کا سلسلہ شروع کر دیاگیا ۔
آج بائیکاٹ کا چوتھا دن تھا تاہم حکومت نے معطلی کے احکامات کو ختم کرتے ہوئے تمام عملے کو بحال کر دیا جس کے بعد ڈاکٹروں نے بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔