اتوار, جولائی 6, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

نئی نسل کو تحریک پاکستان کی لازوال قربانیوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ؛ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر

پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور امیر الدین میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان اورمادر وطن کیلئے دی گئی لا زوال قربانیوں سے روشنا س کرانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو ایک آزاد وطن کے طور پر اس ملک کی اہمیت کا اندازہ ہو سکے اور وہ اس کی قدر و قیمت کو پہچان سکیں۔

یوم پاکستان کے حوالے سے امیر الدین میڈیکل کالج میں منعقد پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ یوم پاکستان درحقیقت تجدید عہد کا دن ہے اور آج ہمیں اپنے اندر وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے متحدہو کر خدمت کرنے کا جذبہ پیداکرنا ہے اور یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اس مقصد کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے زو ر دیا کہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اپنے ادارے کے طے شدہ نصاب کے علاوہ طلبا کو تاریخ پاکستان سے بھی روشناس کروائیں تاکہ نوجوان نسل میں جذبہ حب الوطنی کو پروان چڑھایاجا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کی بدولت حاصل کیا گیا جہاں 22کروڑ افراد آزادانہ طور پر زندگی بسر کر رہے ہیں اور انہیں اپنے مذہب کے مطابق مکمل آزادی ہے۔

مقررین نے کہا کہ23مارچ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کی جدوجہد کو یاد دلاتا ہے جس میں آزادی کی جنگ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں لڑی اور 23مارچ 1940کو لاہور کے منٹو پارک(مینار پاکستان) میں قرار داد پاکستان پاس ہوئی جس کے نتیجے میں علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر اور بر صغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد سے معرض وجود میں آیا جس کا سہرا قائد اعظم محمد علی جناح کے سر ہے۔

پروفیسر الفریدظفر نےمذید کہا کہ نئی نسل کو آج کے دن کی اہمیت کے حوالے سے بھرپور آگاہی ہونی چاہیے۔پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی ہم سب کا نصب العین ہونا چاہیے جس کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں۔ ان کا کہا تھا کہ 23مارچ قائد اور اقبال کے خوابوں کو عملی تعبیر دینے کی یاد دلاتا ہے جبکہ اس مقصد کو صحیح معنوں میں حاصل کرنے کے لئے ہمیں ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ ہم اس پیارے وطن کی بہتر سے بہتر خدمت کر سکیں۔