ماہرین صحت نے کہا ہے کہ دل کی بیماریاں پاکستان سمیت دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ بن چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دل کے دورے ، کارڈیک اریسٹ اور دل کی دیگر بیماریوں کی وجہ سے اموات میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ماہرین صحت نے ان خیالات کااظہار پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے زیر اہتمام ’’لائف سیورز ڈے‘‘ کے موقع پر منعقدہ تربیتی ورکشاپس سے خطاب میں کیا۔

پیما لائف سیورز پروجیکٹ کے تحت ڈاکٹروں نے 40 شہروں میں 189 سے زائد مساجد میں عام لوگوں کو بنیادی لائف سپورٹ کی تربیت فراہم کی۔ جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
یہ سیشن پنجاب میں 84 مساجد ، سندھ میں 42 مساجد ، خیبر پختونخوا میں 37 مساجد اور آزاد کشمیر میں 5 مساجد میں منعقد ہوئے۔ پیما ویمن ونگ نے خواتین اور طالبات کے لیے لاہور اور اسلام آباد میں 4/4 مقامات؛ کراچی ، پشاور اور راولاکوٹ میں 3/3 اور فیصل آباد میں 1 مقام پر یہ سیشن منعقد ہوئے۔

ماہرین صحت کا مذید کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر ایک گھنٹے میں 46 اموات دل کے امراض کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔ تین سال قبل یہ تعداد صرف 12 تھی۔ صرف تین سالوں میں یہ تعداد خطرناک حد تک چار گنا بڑھ گئی ہے۔ سی پی آر کے ذریعے بہت سی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ یہ عمل متاثرہ شخص میں دل کی دھڑکن ، خون کی گردش اور سانس کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین نے ان ورکشاپس میں عام لوگوں کو بنیادی لائف سپورٹ کے عملی اقدامات کی تربیت دی۔