ہفتہ, جولائی 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کی انتظامیہ کے لئے کارکردگی بہتر کرنے کا آخری موقع

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشداوروزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹراحمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ توصیف، ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب ڈاکٹرحافظ شاہد لطیف، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان، پرنسپل اوربورڈ آف مینجمنٹ شیخ زید میڈیکل کالج کے ممبران ودیگرافسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے اجلاس کے دوران شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان کی کارکردگی اور مزید بہتری کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان کی انتظامیہ کو کارکردگی بہترکرنے کا آخری موقع دیا جا رہا ہے۔ شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان بارے عوامی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے۔ شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان میں ڈاکٹرز کی کمی کو جلد پورا کیاجائے گا۔

انہوں نے مذید کہا کہ شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان کے بارے میں آئندہ عوامی شکایات پرانتظامیہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے کسی بھی مریض کے علاج میں کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔ دس روز بعد شیخ زیدہسپتال رحیم یار خان میں کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس بلایاجائے گا۔

صوبائی وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ ڈاکٹر اپنے پیشہ وارانہ امور پوری ایمانداری سے نبھائیں۔ جنوبی پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں بہتر طبی سہولیات فراہم کریں گے۔