جناح اسپتال کراچی کے ینگ ڈاکٹرزنے مطالبات کی منظوری کے لئے جمعرات کو اسپتال میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی اسپتال دشمن پالیسی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اسپتال کو گیارہ سالوں سے حکومت سندھ اور مفاد پرست افراد نے تباہی کے دہانے پر پہنچادیاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسپتال کے نئے ڈائریکٹر کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ ادارے کے وسیع تر مفاد اور مریضوں اور ڈاکٹروں کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔

ان کا مذید کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات ہیں کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے، ان پیڈ ہائوس جاب اور ٹریننگ، سیکیورٹی کے مسائل حل کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ ہفتے تک ہمارے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو ڈیوٹی کا مکمل بائیکاٹ کردیں گے ۔