کراچی : ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی کی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج، اراکین اور کوآرڈینیٹرز نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعد جمال کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) سینٹرل کا چارج سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر سعد جمال کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا گیا۔ کمیٹی کے اراکین نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر سعد جمال اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ ضلع وسطی کے صحت کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے بعد یونٹ کمیٹی کے ذمہ داران نے ایامِ جشنِ آزادی کے سلسلے میں 13 اگست کو ڈی ایچ او سینٹرل آفس میں منعقد ہونے والے پروگرام کی تیاریوں پر مشاورت کی۔ اجلاس میں تقریب کے لائحہ عمل، انتظامات اور شرکت کو مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی میڈیکل ایڈ کمیٹی مختلف مواقع پر شعبۂ صحت کے افسران اور عملے سے رابطے میں رہتے ہوئے فلاحی سرگرمیوں میں متحرک کردار ادا کرتی آئی ہے، اور یومِ آزادی کی مناسبت سے یہ سرگرمی بھی اس تسلسل کا حصہ ہے۔