کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ایک بامعنی اور انسانی ہمدردی سے بھرپور اقدام کے ساتھ ہوا، جب یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور عملے نے خون عطیہ کر کے نہ صرف یومِ آزادی کو منفرد انداز میں منایا بلکہ زندگیوں کو بچانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
یہ خون عطیہ مہم “آزادی فورٹ نائٹ” کی سرگرمیوں کے تحت منعقد ہوئی، جس کا اہتمام جے ایس ایم یو ڈائیگنوسٹک لیب، جناح اسپتال کے گائنی وارڈ 9-B، ینگ میڈیکل کمیونٹی اور پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیا گیا۔ مہم کے دوران نوجوانوں کا جذبہ دیدنی تھا، جنہوں نے شہداء کی یاد میں خون عطیہ کیا اور بیمار و ضرورت مند افراد کے لیے امید کا پیغام دیا۔
جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ہمارے نوجوانوں کی انسان دوستی اور معاشرتی ذمہ داری کا ثبوت ہے۔ جس طرح ہمارے آبا و اجداد نے آزادی کے لیے قربانیاں دیں، آج ہمارے طلبہ انسانی جانیں بچانے کے لیے خون عطیہ کر کے اسی قربانی کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عطیہ کیا گیا خون خصوصاً خواتین، بچوں اور دیگر بیمار افراد کی جان بچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا، تاکہ آزادی کی یہ خوشی صرف تقریبات تک محدود نہ رہے، بلکہ شفایابی اور امید کی صورت دوسروں تک بھی پہنچے۔ اس خون عطیہ مہم کو نہ صرف طبی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے بلکہ اسے قومی جذبے اور انسانیت کی خدمت کا بہترین امتزاج بھی قرار دیا گیا ہے۔ جے ایس ایم یو کے نوجوانوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔