لاہور : انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ (IPH) کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل کی سرپرستی میں مستقبل کے میڈیکل اور پبلک ہیلتھ پروفیشنلز کی رہنمائی کے لیے ہفتہ وار ریسرچ اسکلز ورکشاپ سیریز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ ورکشاپس ایوان آڈیٹوریم، آئی پی ایچ میں ہر بدھ کی صبح 9 بجے منعقد کی جائیں گی۔
اس سیریز کی پہلی نشست آج منعقد ہوئی جس کا موضوع “مینواسکرپٹ رائٹنگ اسکلز”تھا اس ابتدائی لیکچر میں ریسرچ کے بنیادی تصورات، اقسام، اور بالخصوص بیسک ریسرچ اور اپلائیڈ ریسرچ کے درمیان فرق کو واضح انداز میں بیان کیا گیا۔ طلباء کو مینواسکرپٹ تحریر کرنے کے عمل، اہمیت اور اس کی سائنسی دنیا میں حیثیت سے متعلق مفصل رہنمائی دی گئی، جسے شرکاء نے نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا۔
ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد طلباء کو نہ صرف تحقیق کے بنیادی اصول سکھانا ہے بلکہ انہیں ایسے عملی اقدامات سے بھی روشناس کروانا ہے جن سے وہ اپنے تحقیقی کام کو عالمی معیار کے جرائد میں شائع کروا سکیں۔ اس مقصد کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی فیکلٹی، بالخصوص کمیونٹی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر نیلمہ اور دیگر ماہرین طلباء کی رہنمائی کریں گے۔
ورکشاپ سیریز کا آغاز پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل کے وژن کا عملی مظہر ہے جو پاکستان میں میڈیکل ایجوکیشن کو تحقیق سے جوڑنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “طلباء کو تحقیق کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ نہ صرف سائنسی سوچ پیدا کریں بلکہ ملکی پبلک ہیلتھ چیلنجز کا حل بھی نکال سکیں۔”
ورکشاپ کے انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی جانب سے بھی سراہا گیا اور اسے شعبہ صحت کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔