اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

نیو کراچی اسپتال میں صحت کا جنازہ، سات ماہ سے آپریشن بند، بیہوشی کا ڈاکٹر ہی نہیں

کراچی : سندھ حکومت کے زیر انتظام نیو کراچی اسپتال میں مریضوں کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے، وہ کسی حادثے سے کم نہیں۔ گزشتہ سات ماہ سے اسپتال میں آپریشن نہیں ہو رہے جس کی وجہ اسپتال میں اینستھیسیا (بیہوشی) کے ڈاکٹر موجود ہی نہیں۔

اسپتال انتظامیہ مکمل طور پر خوابِ غفلت میں ہے جبکہ مریض در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، اس سنگین بدانتظامی کی جڑیں اور بھی گہری ہیں۔ گزشتہ ماہ تک اسپتال کی سرکاری گیس کو غیر قانونی طور پر اسپتال کے کوارٹرز میں رہائش پذیر ملازمین اور غیر متعلقہ افراد کو فراہم کیا جا رہا تھا، جس سے بل اتنا زیادہ ہو گیا کہ گیس کاٹ دی گئی۔

Screenshot

اسپتال میں آنے والی مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں “ریفر” کے نام پر دھکیل دیا جا رہا ہے، یہ لاپرواہی نہیں، یہ اجتماعی مجرمانہ غفلت ہے کہ سات ماہ سے اسپتال میں کوئی بڑا سرجیکل کیس نہیں کیا گیا، مریضوں کو تکلیف میں چھوڑا جا رہا ہے، کوئی پرسانِ حال نہیں، اسپتال انتظامیہ محکمہ صحت پر ذمہ داری ڈال کر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

نیو کراچی، گودھرا، سرجانی، یو پی، ناگن اور قرب و جوار کے عوام نے اسپتال میں فوری طور پر اینستھیزیا ڈاکٹرز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی گیس استعمال پر مکمل انکوائری کی جائے، سات ماہ سے آپریشن معطلی پر انتظامیہ کے خلاف کاروائی کی جائے، اسپتال میں بنیادی طبی سہولیات فوری بحال کی جائیم۔

شہریوں نے کہا ہے کہ یہ صرف ایک اسپتال کی کہانی نہیں، یہ پورے نظامِ صحت کی ناکامی کا نوحہ ہے۔ کیا حکومت جاگے گی یا کسی جان کے ضائع ہونے کا انتظار ہے؟