اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

آغا خان یونیورسٹی اسپتال کو ہارٹ اٹیک کے علاج میں بین الاقوامی اعزاز، 2025 کا پلاٹینم ایوارڈ حاصل

کراچی : آغا خان یونیورسٹی اسپتال (AKUH) نے دل کے دورے کے علاج میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ اسپتال کو مسلسل تیسرے سال اور دوسری بار لگاتار “پلاٹینم پرفارمنس اچیومنٹ ایوارڈ 2025” سے نوازا گیا، جو امریکن کالج آف کارڈیالوجی (ACC) کے تحت “چیسٹ پین-ایم آئی رجسٹری” کے تحت دیا جاتا ہے۔

یہ ایوارڈ ان ہسپتالوں کو دیا جاتا ہے جو مایوکارڈیل انفکشن (ہارٹ اٹیک) کے مریضوں کو بین الاقوامی رہنما اصولوں کے مطابق معیاری، مؤثر اور بروقت علاج فراہم کرتے ہیں۔ یہ ایوارڈ اسپتال کی کلینکل مہارت، مریضوں کی حفاظت اور سائنسی شواہد پر مبنی نگہداشت کا اعتراف ہے۔

ڈاکٹر فرحت عباس (تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز)، چیف ایگزیکٹو آفیسر، آغا خان یونیورسٹی ہیلتھ سسٹم پاکستان نے کہا کہ یہ تیسری مرتبہ مسلسل بین الاقوامی اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم زندگی بچانے والے دل کے علاج کو سائنسی شواہد اور ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ ایوارڈ ہمارے طبی عملے کی انتھک محنت، مہارت اور مریضوں کے لیے بے لوث جذبے کا نتیجہ ہے۔”

ڈاکٹر جاوید مجید تائی، ڈائریکٹر کیتھ لیب اور NCDR کے سائٹ ڈائریکٹر نے اس موقع پر کہا کہ یہ پذیرائی ہمیں مزید حوصلہ دیتی ہے کہ ہم علاج میں معیار، تحقیق، اور جدیدیت کو اپناتے ہوئے ہارٹ اٹیک سے متاثرہ مریضوں کے لیے مزید بہتر نتائج حاصل کریں۔

یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے ہسپتال کو سال بھر سخت بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا ہوتا ہے، بشمول کلینکل پرفارمنس کی نگرانی، بہتر نتائج کے لیے حکمتِ عملی، اور خطرے سے دوچار مریضوں کی مؤثر دیکھ بھال۔

آغا خان یونیورسٹی اسپتال پاکستان میں وہ چند اداروں میں شامل ہے جو دل کے امراض میں عالمی معیار کی نگہداشت فراہم کرتے ہیں۔ اسپتال کی خدمات نہ صرف مریضوں کی فوری صحت بلکہ ان کی طویل مدتی زندگی کے معیار کو بھی بہتر بناتی ہیں۔

یاد رہے کہ پلاٹینم پرفارمنس اچیومنٹ ایوارڈ ACC کے اعلیٰ ترین اعزازات میں سے ایک ہے، جو امریکہ سمیت دنیا بھر کے اسپتالوں کی کارکردگی پر مبنی تفصیلی ڈیٹا تجزیے کے بعد دیا جاتا ہے۔