لاہور:نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے پی ایم اے ہاؤس فیروز پور روڈ میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کی جانب سے منعقدہ مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی کے تعزیتی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی، پروفیسر ڈاکٹر ظہیر قریشی، ڈاکٹر اظہار چوہدری، کیپٹن ریٹائرڈ ڈاکٹر ارشد چوہدری اور دیگر عہدیداران سمیت مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی کے تینوں صاحبزادگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی کے ایصال ثواب کیلئے دعا مغفرت کی گئی اور ان کی طبی دنیا میں گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی کی طبی دنیا میں گراں قدر خدمات پر ان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے حاضر ہوئے ہیں۔ مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی ایک انتہائی شفیق اور عاجزانہ طبیعت کے مالک تھے۔ مرحوم نے اپنی ساری زندگی خدمت انسانیت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ مرحوم اپنی ذات کے اندر ایک ادارہ کی حیثیت رکھتے تھے۔ ڈاکٹر افتخار قریشی کی طبی دنیا میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی ایک انتہائی خوبصورت شخصیت کے مالک تھے۔ مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی کے تینوں بچے اپنی اپنی فیلڈ میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی کی طبی دنیا میں خدمات کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مرحوم ڈاکٹر افتخار قریشی میں صوفی ازم اور درویشی کی جھلک نظر آتی تھی۔