جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈائر یکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کی آشیرباد ؛ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل کی مہربانیاں ؛ عدالتی احکامات کے خلاف ڈینٹل سرجن ایک بار پھر کووڈ فوکل پرسن تعینات

کراچی : ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کی آشیرباد اور ڈی ایچ او سینٹرل ڈاکٹر شاہ محمد شیخ کی مہربانی سے عدالتی احکامات کے خلاف ڈینٹل سرجن ڈاکٹر حرا ظہیر کو ایک بار پھر ضلع وسطی میں کورونا وائرس کا فوکل پرسن تعینات کر دیا ہے۔ جس سے ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ہیں۔ 

یاد رہے کہ ہیلتھ ٹائمز کی خبروں پر ایکشن لیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی نے 2 جنوری 2023 کو ڈاکٹر حرا ظہیر سے فوکل پرسن ، ڈرگ لائسنس، اینٹی کوئیکری کے تمام چارج واپس لے کر انہیں ڈینٹل کلینک سندھ گورنمنٹ ڈسپنسری غریب آباد میں ان کی اصل جگہ تعینات کر دیا تھا اور ڈی ایچ او آفس میں ان کے دفتر کو تالا لگا کر انہیں ڈینٹل کلینک میں دانتوں کے امراض میں مبتلا غریب مریضوں کی خدمت کرنے کا پاپند کیا تھا۔ ڈاکٹر عبدالحمید جمانی ان کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ مریضوں کے معائنے کی رپورٹ بھی چیک کرتے تھے لیکن چند دن قبل ایک پروگرام میں ملاقات کے بعد یہ سختی ختم کر دی گئی بلکہ آشیرباد حاصل ہوگئی۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے نمائندہ ہیلتھ ٹائمز کو بتایا تھا کہ وہ ڈاکٹر حرا ظہیر کی حاضری بھی چیک کرتے ہیں لیکن اگر اس کے باوجود وہ مریضوں کی خدمت کے بجائے ڈی ایچ او سینٹرل آفس میں آرہی ہیں تو وہ ان کے خلاف کاروائی کریں گے اور ڈی ایچ او سینٹرل سے وضاحت طلب کریں گے لیکن اب آشیرباد حاصل ہونے کے بعد ڈی ایچ او سینٹرل نے بھی ڈاکٹر حرا ظہیر پر دوبارہ مہربانیاں شروع کر دیں۔

ڈاکٹر شاہ محمد شیخ نے ڈاکٹر حرا ظہیر کی ڈینٹل کلینک سندھ گورنمنٹ ڈسپنسری غریب آباد سے واپس ڈی ایچ او آفس میں پوسٹنگ کر دی ہے اور یہ تمام آڈر ڈی ایچ او سینٹرل نے چھپا کر اپنے پاس رکھے ہیں تاکہ اندرون خانہ کام بھی ہوتا رہے، محکمہ صحت کو خبر بھی نہ ہو اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی بھی سامنے نہ آسکے حالانکہ ایک اسپیشل کیڈر کے ڈاکٹر کو انتظامی عہدے پر تعینات کرنا عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ڈاکٹر شاہ محمد شیخ نے ڈاکٹر حرا ظہیر کے زیر استعمال جس کمرے کو تالے لگائے تھے  وہ دوبارہ ان کے سپرد کر دیا ہے جس سے جنرل کیڈر کے درجنوں اہل ڈاکٹروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ جنرل کیڈر کے ڈاکٹروں نے اس حق تلفی پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، صوبائی وزیر صحت اور صوبائی سیکریٹری صحت سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اختر نواز
اختر نوازhttp://healthtimes.org/
اختر نواز سینئر صحافی اور بلاگر ہیں۔ انہوں نے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ اختر نواز نے دو دہائیوں سے صحافت کے ذریعے عوام کی خدمت کی ہے ان کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے تمام شعبہ جات کی رپورٹنگ کی ہے۔ صحت، اسپورٹس و سماجی مسائل پر رپورٹنگ ان کا خاصہ ہے۔ انہوں نے رپورٹنگ کا آغاز 1999 میں روزنامہ اساس کراچی سے کیا جس سے کے بعد کئی اداروں بشمول روزنامہ آغاز، روزنامہ اسلام، پاکستان ٹائمز ہیوسٹن اور وقت نیوز ٹی ویسے منسلک رہے۔ انہیں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا میں کام کا وسیع تجربہ ہے۔2019 تک انہوں نے وقت ٹی وی کے ساتھ کام جاری رکھا۔ مختلف ملکی اخبارات میں آرٹیکل لکھے۔ نجی مصروفیات کے باعث وہ تین سال تک صحافت سے دور رہے تاہم اب ایک بار پھر انہوں نے رپورٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان میں صحت کی سب سے بڑی ویب سائیٹ ہیلتھ ٹائمز کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ہیلتھ ٹائمز کے قارئین کراچی میں صحت کے مسائل پر ان کی رپورٹس پڑھ سکیں گے۔