اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پنجاب کے 13 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 13 مارچ سے ہوگا

لاہور : صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب کے 13 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 13مارچ سے ہوگا۔لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم سات روز جاری رہے گی جبکہ بہاولپور بھکر، ڈی جی خان، لیہ، میانوالی، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان، شیخوپورہ، سیالکوٹ میں پانچ روز جاری رہے گی۔پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 13 لاکھ 50ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پنجاب میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا کہ تیسری سپلیمنٹری انسداد پولیو مہم میں محکمہ صحت کی 90 ہزار موبائل ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے بعد مانیٹرنگ ٹیموں کا سپیشل آڈٹ کرایا جائے گا۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ کا ڈپٹی کمشنر پولیو مہم کے اختتام کے بعد مانیٹرنگ رپورٹ تیار کریں گے۔پولیووائرس سے بچاؤ کا واحدحل ویکسین ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے والدین سے اپیل کی کہ  پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہر بار ویکسین کے قطرے لازمی پلائیں۔

چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کی انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے وائرس کیخلاف کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنا از حد ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کے معیار اور کوریج پر خصوصی توجہ دیں۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن خضر افضال اور پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔