محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے 44اسپتالوں میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کے لئے بستر مختص کر دیئے ہیں ۔ اس سلسلے میں محکمہ نے اسپتالوں کے نام جاری کیے ہیں تاہم بستروں کی تعداد جاری نہیں کی گئی ۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرافضل پیچوہو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ڈینگی کے مریضوں کے لیے 722 بستر مختص کیے ہیں جن میں سے بڑی تعداد میں بستر خالی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں کہ مخصوص اسپتالوں میں جائیں تاہم دیگر اسپتالوں میں بستر خالی ہوتے ہیں اس لئے مریضوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔ اس ضمن میں ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے جس سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔