ہفتہ, جولائی 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈینگی ٹیکنیکل گروپ کا اہم اجلاس

ڈائریکٹر جنرل صحت پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان نے ڈینگی ٹیکنیکل گروپ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں لاہور میں بڑھتے ہوئے ڈینگی کے مریضوں کے حوالے سے فوگنگ اسپرے کرنے کی ضرورت پر غور کیا گیا۔

ماہرین نے اجلاس کو بتایا کہ فوگنگ اسپرے وبائی صورت حال میں صرف ان علاقوں میں سود مند ہوتی ہے جہاں ڈینگی ویکٹر مچھر کی بہتات ہو۔ ڈینگی کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کی صورت میں جائزہ لے کر ڈینگی وبا کے بارے میں فیصلہ کیا جائے پھر فوگنگ اسپرے کے بارے اقدامات پر غور کیا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال اب تک 258 ڈینگی کے کنفرم کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 177 کیس کینٹ اور واہگہ ٹاؤن لاہور سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں 5 مریض داخل ہیں تاہم تمام مریض خطرے سے باہر ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ڈینگی کنٹرول کی اقدامات میں سستی برتی گئی تو وبائی صورت حال پید ا ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور کو ہدایت جاری کہ لاروا سرویلینس اور لاروا تلفی کے اقدامت میں تیزی لائی جائے اور کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتی جائے۔ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ لازمی کروائے جائیں اور ڈینگی کی صورت حال کو روزانہ کی بنیاد پر پرکھا جائے تاکہ بر وقت اقدام کر کے ڈینگی کی وبائی صورت حال سے بچا جا سکے۔