مٹھی : ضلع تھرپارکر کے سول اسپتال مٹھی میں انتظامی غفلت اور طویل غیر حاضری کے معاملے پر بڑا ایکشن سامنے آیا ہے، جہاں سول سرجن نے 7 ڈاکٹرز کو مسلسل غیر حاضری کے باعث ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کرتے ہوئے فوری طور پر سیکریٹری صحت سندھ کے دفتر کراچی رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق ڈاکٹر بونیستا، ڈاکٹر امرتا، ڈاکٹر ٹنڈولکر، ڈاکٹر طاہر علی، ڈاکٹر پریم کمار، ڈاکٹر ہتیش کمار اور ڈاکٹر ٹینا کئی ماہ سے بغیر اطلاع غیر حاضر تھے، جن میں بعض کی غیر حاضری جولائی 2025 سے جاری تھی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹرز کو 19 مارچ 2026 کی صبح سے in absentia ریلیف دے دیا گیا ہے، جبکہ ان کا کہیں کوئی سراغ نہ ملنے پر یہ سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق تھرپارکر جیسے پسماندہ علاقے میں ڈاکٹرز کی عدم دستیابی پہلے ہی ایک سنگین مسئلہ ہے، اور اس طرح کی طویل غیر حاضری نے مریضوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف محکمانہ نظم و ضبط بہتر ہوگا بلکہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف مزید کارروائیوں کی راہ بھی ہموار ہوگی

