جمعرات, فروری 5, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

نان کیڈر ترقی یافتہ ملازمین کی شامت، محکمہ صحت سندھ میں بڑے پیمانے پر چھان بین کا آغاز

کراچی/حیدرآباد : محکمہ صحت سندھ میں برسوں سے جاری نان کیڈر ملازمین کی مبینہ غیر قانونی ترقیوں پر اب گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ نے صوبے بھر کے ڈویژنز کے ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو آخری وارننگ دیتے ہوئے نان کیڈر ترقیوں کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد غیر قانونی طور پر ترقی پانے والے ملازمین کی شامت آنے کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ کی جانب سے جاری تازہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ 29 جولائی اور یکم دسمبر 2025 کو بھی نان کیڈر ملازمین کی ترقیوں سے متعلق تفصیلات طلب کی جا چکی تھیں، مگر متعدد اسپتالوں اور اضلاع کی انتظامیہ نے جان بوجھ کر ریکارڈ فراہم نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ تاخیر غیر قانونی ترقیوں کو چھپانے کی کوشش تصور کی جا رہی ہے۔

محکمہ صحت کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی اضلاع اور بڑے سرکاری اسپتالوں میں نان کیڈر ملازمین کو سروس رولز کے برخلاف ترقیاں دے کر حساس انتظامی عہدوں پر بٹھایا گیا، جس سے نہ صرف میرٹ کا قتل ہوا بلکہ محکمانہ نظم و ضبط بھی شدید متاثر ہوا۔ ذرائع کے مطابق اب معاملہ صرف ریکارڈ جمع کرانے تک محدود نہیں رہا بلکہ آئندہ مرحلے میں غیر قانونی ترقیوں کی منسوخی، اضافی تنخواہوں اور مراعات کی ریکوری، ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی اور شوکاز نوٹسز اور معطلیاں بھی متوقع ہیں۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ نے مراسلے میں واضح کیا ہے کہ فراہم کیا جانے والا ریکارڈ حکومت سندھ کو ارسال کیا جائے گا، جہاں قواعد کے مطابق حتمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مراسلے کی کاپی سیکریٹری صحت سندھ اور وزیر صحت کو بھی بھیج دی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاملہ اب اعلیٰ ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ محکمہ صحت کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں نان کیڈر ترقی یافتہ ملازمین کی بڑی تعداد کو عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے، جبکہ کئی افسران کے لیے یہ معاملہ ملازمت کے مستقبل پر سوالیہ نشان بن سکتا ہے۔

ہیلتھ ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ “اب وقت ختم ہو چکا ہے، جو بھی غیر قانونی ترقیوں سے مستفیض ہوا ہے اس کے لیے احتساب سے بچنا ممکن نہیں ہوگا۔” یہ پیش رفت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ محکمہ صحت سندھ میں برسوں سے جاری نان کیڈر ترقیوں کا کھیل اب اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے۔