پیر, مارچ 23, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

گرلز ہاسٹل خیبر میڈیکل کالج میں سنگین سیکیورٹی ناکامی — پرووینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا شدید احتجاج، فوری کارروائی کا مطالبہ

پشاور : خیبر میڈیکل کالج کے گرلز ہاسٹل میں سیکیورٹی کے سنگین فقدان کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پرووینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (PDA) نے اس واقعے پر شدید تشویش اور گہری تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک نامعلوم بیرونی خاتون انتہائی آسانی کے ساتھ گرلز ہاسٹل میں داخل ہوئی، طالبات کے کمروں تک پہنچی اور ایک طالبہ کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون چوری کرکے بلا روک ٹوک باہر نکل گئی۔ حیران کن طور پر ہاسٹل انتظامیہ اور وارڈن کو واقعے کی بروقت اطلاع تک نہ ہو سکی، جو سیکیورٹی سسٹم کی مکمل ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

پی ڈی اے کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف سیکیورٹی پروٹوکولز کی عدم موجودگی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس سے انتظامیہ اور وارڈن کی ذمّہ داریاں ادا نہ کرنے کی سنگین غفلت بھی سامنے آتی ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ طالبات کی حفاظت پر اس طرح کا سمجھوتہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

پرووینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ گرلز ہاسٹل کی وارڈن اپنی بنیادی ذمہ داری میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر نئی تقرری کی جائے۔ ایسوسی ایشن نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ چونکہ چوری کا واقعہ انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے، اس لیے متاثرہ طالبہ کے لیپ ٹاپ اور موبائل فون کا مکمل مالی معاوضہ فوری طور پر فراہم کیا جائے۔

طلبا نے نشاندہی کی کہ ہاسٹل میں طویل عرصے سے وائی فائی کے شدید مسائل موجود ہیں، جو طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں میں بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے ان مسائل کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔

پرووینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ وہ طلبہ و طالبات کے حقوق، تحفظ اور فلاح کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہی ہے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر متعلقہ فورم پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔