پیر, مارچ 23, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

عالمی ’16 روزہ مہم‘ کے تحت پولیو آگاہی سرگرمیاں جاری — وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کی پولیو ورکرز سے خصوصی ملاقات

اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق عالمی ’16 روزہ مہم‘ کے تحت پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے آگاہی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے اسلام آباد میں پولیو ورکرز کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کمیونٹی میں خدمات سرانجام دینے والی فرنٹ لائن ورکرز سے تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران عائشہ رضا فاروق نے پولیو کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن ورکرز کی غیر معمولی کارکردگی، بہادری اور انتھک محنت کو زبردست انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “پولیو ورکرز کا کردار نہایت اہم ہے، اور پولیو کے خاتمے میں ان کی خدمات کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کی اصل قوت ہماری بہادر خواتین پولیو ورکرز ہیں۔”

عائشہ رضا فاروق نے پولیو ورکرز کو درپیش چیلنجز اور مسائل بھی سنے اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ورکرز نے مشکل حالات، دور دراز علاقوں، موسمی چیلنجز اور سماجی رکاوٹوں کے باوجود جس حوصلے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں، وہ پاکستان کے لئے باعثِ فخر ہے۔

نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو پروگرام کے تحت جاری اس عالمی مہم کا مقصد نہ صرف بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا ہے بلکہ معاشرے میں آگاہی کو مزید مضبوط کرنا بھی ہے۔ عائشہ رضا فاروق نے اعتماد ظاہر کیا کہ “خواتین پولیو ورکرز کی بے مثال محنت کے نتیجے میں پاکستان بہت جلد پولیو سے پاک ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔” یہ خصوصی ملاقات پولیو ورکرز کے حوصلے بلند کرنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا اہم حصہ ثابت ہوئی، جبکہ ملک بھر میں جاری آگاہی سرگرمیوں کو بھی مزید تقویت ملی ہے