پیر, دسمبر 15, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

لیاری جنرل اسپتال میں خاتون کے پیٹ سے 15 کلو وزنی رسولی کامیابی سے نکال لی گئی

کراچی : لیاری جنرل اسپتال کراچی میں ماہر ڈاکٹروں نے غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک خاتون کے پیٹ سے 15 کلو وزنی ٹیومر نکال لیا۔ ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والی پانچ بچوں کی ماں کو تشویشناک حالت میں ایمرجنسی میں لایا گیا تھا جہاں فوری طور پر آپریشن کی تیاری کی گئی۔

اس پیچیدہ سرجری کی سربراہی اسپتال کے سینئر سرجن پروفیسر انجم رحمان نے کی، جبکہ 8 رکنی ماہرین کی ٹیم نے تین گھنٹے کی طویل کوشش کے بعد ٹیومر کو کامیابی سے نکال لیا۔

پروفیسر انجم رحمان کے مطابق مریضہ کی حالت بگڑ رہی تھی اور فوری سرجری ناگزیر تھی، تاہم ٹیم نے انتہائی مہارت سے آپریشن مکمل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس نوعیت کی سرجری عام طور پر نجی اسپتالوں میں لاکھوں روپے میں ہوتی ہے۔

پرنسپل شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج نے کہا کہ لیاری اسپتال میں اس طرح کی تمام سرجریز مکمل طور پر مفت فراہم کی جاتی ہیں تاکہ غریب مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں مل سکیں۔

اس کامیاب آپریشن نے نہ صرف مریضہ کی زندگی بچائی بلکہ لیاری جنرل اسپتال کی صلاحیت اور عوامی صحت کے لیے اس کے کردار کو بھی واضح طور پر اجاگر کر دیا۔