منگل, دسمبر 16, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سندھ کے اسپتالوں میں عملے کی کمی ختم کرنے کی تیاری، محکمہ صحت نے 1 سے 15 گریڈ کی خالی آسامیوں کی فہرست طلب کر لی

کراچی : سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں عملے کی کمی کو دور کرنے کے لیے محکمہ صحت نے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبائی محکمہ صحت نے تمام سرکاری اسپتالوں سے 1 سے 15 گریڈ تک کی خالی آسامیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد فوری طور پر انسانی وسائل کی قلت کو پورا کرنا اور اسپتالوں میں خدمات کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانا ہے

محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ دفاتر، میڈیکل انسٹی ٹیوٹس اور ٹی ایچ کیو و ڈی ایچ کیو اسپتالوں کو BS-05 سے BS-15 تک کی تمام خالی اسامیوں کی تفصیلات فوری فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سیکشن آفیسر صوبیہ عابد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں موجود اسامیوں کی تازہ ترین فہرست، عہدوں کے نام، بی پی ایس، کاسٹ سینٹر اور دیگر ضروری معلومات کے ساتھ مقررہ پروفارما پر مکمل کرکے جمع کرائیں۔

مراسلہ جناح اسپتال کراچی، سول اسپتال کراچی، لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو، پی ایم سی ایچ نوابشاہ، سی ایم سی ایچ لاڑکانہ، گمبٹ انسٹی ٹیوٹ، سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال، سی جے انسٹی ٹیوٹ آف سائیکائٹری، ٹراما سینٹر کراچی، کراچی ڈویژن کے بڑے اسپتالوں، سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسز اور صوبے بھر کے ٹی ایچ کیو اسپتالوں سمیت درجنوں سرکاری اداروں کو ارسال کیا گیا ہے۔

تمام اداروں کو واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ مکمل شدہ فہرستیں دستخط اور آفیشل اسٹامپ کے ساتھ یکم دسمبر 2025 تک ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ، حیدرآباد کے دفتر میں جمع کرائی جائیں، تاکہ اسے مرتب کرکے سیکریٹری صحت کو پیش کیا جاسکے۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ کو اس اہم عمل کے لیے فوکل پرسن نامزد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جو تمام اداروں سے موصول ہونے والے ڈیٹا کو یکجا کرے گا۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں BS-05 تا BS-15 کی خالی اسامیوں کے درست اعدادوشمار انتظامی امور میں بہتری، مستقبل کی بھرتیوں اور اسپتالوں میں اسٹاف کی کمی کے خاتمے کے لیے ضروری ہیں، جب کہ طویل عرصے سے متعدد آسامیوں کے خالی رہنے سے سروس ڈلیوری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔