جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

مریضوں کی بے لوث خدمت کی جائے، پروفیسر الفرید ظفر

لاہور : پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ بیماروں کا علاج معالجہ اور دکھی انسانیت کی خدمت اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے مقدس پیشہ ہے اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ "جس نے کسی انسان کی جان بچائی،گویا اُس نے تمام انسانوں کی جان بچائی” لہذا ہیلتھ پروفیشنلز کو اپنے آپ کو اس پس منظر میں رکھتے ہوئے مریضوں کی خدمت کرنی چاہیے تاکہ وہ اس بے لوث خدمت کے بدلے میں اللہ تعالیٰ کے مقرب بندوں میں شمار ہوں۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے شعبہ ایمرجنسی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ اور نومولود بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاتے ہوئے کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دن میں دو مرتبہ شعبہ ایمرجنسی کا راؤنڈ کیا کریں اور اُس کی رپورٹ ایم ایس کو بھجوائیں تاکہ ہسپتال مسائل کا فوری تدارک کیا جا سکے۔

ایم ایس پروفیسر فریاد حسین،ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر یحی سلطان،ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنڈنٹنڈنٹ فضیلت لعل، ڈاکٹر انعم بتول، ڈاکٹر جنید امجد، ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت ڈاکٹرز،نرسز موجود تھے۔ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے پرنسپل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شعبہ حادثات میں 25671مریضوں کو بغیر پرچی فیس علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی گئی ہیں نیز پولیو مہم کے پہلے تین روز میں ہسپتال میں 1299بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے گئے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لئے ایل جی ایچ میں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے7کاؤنٹرز بھی موجود ہیں۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پولیو مہم ابھی مزید چار دن جاری رہے گی لہذ ا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ اس ویکسین سے محروم نہ رہے اور نو نہالوں کو مستقل معذوری سے بچایا جا سکے تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل پاسکے۔اُنہوں نے کہاکہ پولیو سے معذور ہونے والے بچے نہ صرف مذکورہ خاندان کے لئے بہت بڑا صدمہ اور معاشی مسائل کا سبب ہوتے ہیں،یہ افراد ملک کی تعمیر و ترقی اور اپنے خاندان کی بھی مدد نہیں کر پاتے بلکہ یہ خود بھی دوسروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نومولود بچوں کے پہلے حق کے طور پر انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں کیونکہ اُن کی صحت کے تحفظ کے لئے والدین کی جانب سے یہ اُن کے لئے پہلا تحفہ ہوگا۔ مزید برآں پروفیسر الفرید ظفر نے ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کی خیریت سمیت ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو بہترین سے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور دستیاب وسائل سے اُن کیلئے مزید آسانیاں پید ا کی جائیں۔