ہفتہ, جولائی 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کو آغا خان یونیورسٹی کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

کراچی : صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کو پاکستان کے عوام کے لیے غیر معمولی خدمات اور مسلسل کاوشوں کے اعتراف میں آغا خان یونیورسٹی کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر پیچوہو نے سندھ کے شعبہ صحت میں بہتری لانے میں کلیدی کردار ادا کیا، اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے مؤثر اقدامات کی قیادت کی، جن میں متعدی امراض پر قابو پانا، حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں توسیع، اور صحت و تعلیم کی خدمات خصوصاً خواتین، بچوں اور پسماندہ طبقات تک رسائی میں بہتری شامل ہیں۔

اے کے یو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ تحقیق، تدریس، صحت کی دیکھ بھال اور عالمی اثرات جیسے شعبوں میں غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرتا ہے۔ یہ ایوارڈ ڈاکٹر عذرا  پیچوہو کو آغا خان یونیورسٹی کے صدر سلیمان شہاب الدین نے اے کے یو میں منعقدہ نیشنل سمپوزیم برائے پرائمری ہیلتھ کیئر کے دوران پیش کیا۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو ایک نمایاں پاکستانی سیاستدان ہیں جو سندھ میں صحت عامہ اور آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی وابستگی کے لیے جانی جاتی ہیں۔ صحت کے شعبے میں 25 سال سے زائد کے تجربے کے ساتھ وہ اس وقت سندھ کی وزیر برائے صحت اور آبادی کی فلاح و بہبود کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور سندھ اسمبلی کی رکن بھی ہیں۔