لاہور : دنیا کے 23 سے زائد ممالک پر مشتمل ایشیاء پیسیفک پیڈیاٹرک کارڈیک سوسائٹی نے پاکستان کے ممتاز چائلڈ ہارٹ اسپیشلسٹ اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز اینڈ چلڈرن ہسپتال لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق(تغمہ امتیاز) کو آئندہ 2 سالوں کے لیے ایشیا پیسیفک پیڈیاٹرک کارڈیک سوسائٹی کا "صدر” منتخب کرلیا ہے۔
پروفیسر مسعود صادق یہ منفرد اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں اس سے قبل 1999 میں پروفیسر شہریار اے شیخ کو سوسائٹی کا پاکستان سے صدر منتخب کیا گیا تھا۔ سوسائٹی ایشیا پیسفک ریجن کی سب سے بڑی پیشہ ورانہ اور تعلیمی تنظیم ہے جو دنیا کی 64 فیصد آبادی کی نمائندگی کرتی ہے۔
سوسائٹی جن ممالک پر مشتمل ہے ان میں جاپان، آسٹریلیا، چین، بھارت، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، کوریا، پاکستان، ایران، ترکی، انڈونیشیا، فلپائن، تھائی لینڈ، سری لنکااور سنگاپور سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
پروفیسر مسعود صادق کو اے پی پی سی ایس کی ایگزیکٹو کونسل نے 11 اپریل 2025 کو ایشیاء پیسیفک پیڈیاٹرک کارڈیک سوسائٹی کے 10ویں دو سالہ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر صدر منتخب کیا وہ اس وقت پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کےصدر بھی ہیں جبکہ حکومت پاکستان انہیں انکی شاندار خدمات کے عیوض تغمہ امتیاز اور صدارتی ایواڈ سے بھی نواز چکی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے امید ظاہر کی ہے کہ میں اس نئی اور اہم ذمہ داریوں کو پاکستان میں پیڈیاٹرک کارڈیک سروسز کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کروں گا اورمزید دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ پاکستانی ڈاکٹرز کی تربیت اور تعاون کے مواقع پیدا کروں گا تاکہ پاکستان بھی چلڈ ہارٹ سرجری میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔