گزشتہ سال 2023 میں پاکستان بھر میں 6 پولیو کے کیس سامنے آئے
ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم اور حفاظتی ٹیکہ جات کی کارکردگی کے سلسلے میں محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں بتایا کہ گزشتہ سال 2023 میں پاکستان بھر میں 6 پولیو کے کیس سامنے آئے لیکن مظفرگڑھ سمیت صوبہ پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے کہا کہ یہ دیکھ کی خوشی ہوئی کہ 2021سے ضلع مظفرگڑھ میں پولیو کا کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا جو محکمہ صحت اور انسداد پولیو ٹیموں کی بہتر کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے تاہم ابھی بھی ہم نے محتاط رہنا ہے اور اپنا کام ذمہ داری سے ادا کرنا ہے اور کمزور پہلوں پر توجہ دینا ہے تاکہ مستقبل میں بھی کوئی کیس رجسٹرڈ نہ ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے مائیکرو پلان پر عمل کرنا ہے اور انسداد پولیو مہم میں دلچسپی نہ رکھنے والے افسران کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
اجلاس میں بتایا کہ 26فروری سے ضلع بھر میں خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی جس میں 5سال تک کی عمر کے تقریباً 8لاکھ 50ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اجلاس میں معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات EPIکی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا کہ ضلع بھر میں 105سنٹر ز موجود ہیں جہاں معمول کے مطابق پیدائش سے لے کر ڈیڑھ سال تک کی عمر کے بچوں کو متعدد بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاتے ہیں۔اجلاس میں بتایا کہ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کی کاردگی 100فیصد ہے۔ اجلاس میں سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس، سی ای او تعلیم حبیب الرحمن فاروقی، ڈی ای تعلیم مہہ جبین سمیت محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔