کراچی : پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے اپنے مرکزی عہدیداروں کے اجلاس کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر کو ایک خط لکھا ہے تاکہ انہیں پی ایم اے کی قیادت کی طرف سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ کے حوالے سے ظاہر کردہ خدشات سے آگاہ کیا جا سکے۔
پی ایم اے کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایم ڈی کیٹ جس کا انعقاد 10 ستمبر 2023 کو کیا گیا تھا۔ ہمارا ماننا ہے کہ امتحان کا انتظام اور نظم و نسق ناقص تھا، جس کی وجہ سے امیدواروں کے لیے حوصلہ افزا نتائج نہیں آئے ۔ مزید برآں، ٹیسٹ کے دوران تکنیکی خرابیاں اور بے ضابطگیاں بھی رپورٹ ہوئیں، جس نے پہلے سے موجود مسائل میں اضافہ کیا جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ معاملے کی سنگینی اور حساسیت کے پیش نظر، ہم پی ایم ڈی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک منصفانہ اور شفاف عمل کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر بغیر کسی فیس کے ایم ڈی کیٹ امتحان دوبارہ منعقد کیا جائے۔ہم یہ بھی پرزور مشورہ دیتے ہیں کہ امتحان میں شامل تمام طلبا کو دوبارہ حاضر ہونے کا مساوی موقع دیا جائے تاکہ وہ بغیر کسی بیرونی اثر و رسوخ کے میرٹ کی بنیاد پر امتحان پاس کریں۔
موجودہ صورتحال ان طلبہ کے لیے شدید پریشانی کا باعث ہے جنہوں نے اس امتحان کی تیاری کے لیے سخت محنت کی اس لیے ہم پی ایم ڈی سی سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند تمام طلبہ کو مساوی موقع فراہم کیا جائے۔