کراچی : نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیازنے لیاری جنرل اسپتال کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی اور صحت کی دیگر سہولیات کے فقدان پر ناراضگی کا اظہارکیا۔ نگراں وزیر صحت ایمرجنسی، گائنی، آپریشن تھیٹر سمیت مختلف شعبہ جات گئے اورذمہ داریوں میں غفلت برتنے پر ایمرجنسی وارڈ کے انچارج کے خلاف کاروائی کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ بناکر ذمہ داریوں سے کسی صورت بری الزمہ نہیں ہوا جاسکتا، دستیاب فنڈز میں صفائی ستھرائی و صحت کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے، اسپتال کی ضروریات سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کیا جائے، اسپتالوں اور اپنے اداروں کی بہتری کے لیے جو ممکن ہوا وہ ہر صورت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب کا جناح ہسپتال کی زیر تعمیر ایمرجنسی، ٹراما اور کارڈیک سینٹر کا تفصیلی دورہ
انہوں نے گٹکا، پان چھالیہ، سگریٹ، نسوار کا استعمال کرنے والوں کا اسپتال میں داخلے پر پابندی لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نشہ آور اشیاء کے استعمال پر پابندی سے متعلق جگہ جگہ آگاہی بینرز آویزاں کیے جائیں۔انہوں نے مذید کہا کہ اسپتال کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے آئندہ بھی اچانک دورے کروں گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے لیاری میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کالج میں زیر تعلیم طلبا سے ملاقات کی ۔انہوں نے کالج کی جانب سے جانے والی تعلیم، سیکیورٹی اور سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔