لاہور : پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے تحت مریضوں کے محفوظ علاج کے لیے نجی ہسپتالوں کی سرپرائز انسپیکشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر معیاری انتظامات اور معیارات پر ناقص عملدرآمدکے سبب چار آپریشنز تھیٹرز سیل کر دیئے گئے۔ سات تھیٹرز میں سرجریزمعطل اور تین ہسپتالوں میں داخلوں پر پابندی جبکہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے آٹھ ہسپتالوں سرجیمیڈ ہسپتال،عمر ہسپتال،عمار میڈیکل کمپلیکس،اوایم سی ہسپتال، مڈسٹی ہسپتال، رانا پولی کلینک، ریس ویو ہسپتال اوررضا میڈیکل کمپلیکس کی کمیشن نے غیر اعلانیہ انسپیکشنز کیں۔ ان میں سے تین ہسپتالوں کو نئے مریضوں کو داخل کرنے سے بھی روک دیا گیاہے جبکہ صرف آؤٹ ڈورکی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایک ہسپتال کے میڈیسن سٹوریج کوزائد المعیاد ادویات رکھنے پر سیل کر دیا گیا اور دوسرے کی ڈینٹل سرجیکل سروسز بھی معطل کر دی گئیں۔ علاوہ ازیں دو مختلف اسپتالوں کے بلڈ بینک اور الٹراساؤنڈ سروسز بھی معطل کردی گئیں۔ان ہسپتالوں کی تمام متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پی ایچ سی کی ہیرنگ کمیٹیوں کے روبروپیش ہو کر معیارات پر عمل درآمد میں ناکامی کی وجوہات کے حوالے سے تحریری جوابات جمع کرائیں۔ مزید یہ کہ ہسپتال اس سلسلے میں پی ایچ سی کی مزید ہدایات تک سیل شدہ یا معطل شدہ سروسز کو دوبارہ شروع نہیں کر سکیں گے۔
کمیشن کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ قوانین اور معیارات پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ سی تمام اضلاع کے ہسپتالوں کا معائنہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ مریضوں کے لیے بہترین ممکنہ اور محفوظ علاج کی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔