پیر, جون 23, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد لاہور میں 25 بستروں کا اضافہ اور مزید ڈاکٹروں کی تعیناتی منظوری

لاہور : وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےمریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد لاہور میں 25 بستروں کا اضافہ کرنے اور مزید ڈاکٹروں کی تعیناتی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ صحت نے ناقص کارکردگی اور فرائض سے غفلت برتنے پر تین ڈاکٹروں کو معطل کر دیا ہے جن میں سوڈیوال ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سمن آباد کا ایک میڈیکل افسر اور ایک ویمن میڈیکل افسر شامل ہیں۔

گزشتہ رات وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے دورے کے بعد ان کی ہدایت پر وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے سمن آباد اور سوڈیوال ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل سیکرٹری راشد ارشاد، چیف ایگزیکٹو افسر پنجاب ہیلتھ فسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر عاصم الطاف اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم دن رات ہسپتالوں کا معائنہ کر رہی ہے جس سے ہسپتالوں کی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ سرکاری ہسپتال کچھ عرصہ پہلے تک بالکل خالی پڑے رہتے تھے یا وہاں دستیاب سہولتوں سے بھرپور استفادہ نہیں کیا جاتا تھا، موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت شہریوں کا سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد بحال ہوا ہے، بڑی تعداد میں مریضوں کی سرکاری ہسپتالوں میں آمد ان کی بہتری کے لئے موجودہ حکومت کی عملی کوششوں کا ثبوت ہے۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے ان ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے مسائل معلوم کئے۔ انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف شعبوں اور ڈینگی کاؤنٹرز کا معائنہ بھی کیا۔