پیر, جون 23, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سروسز اسپتال کراچی کا ریٹائر اسٹیورڈ تاحال اسپتال پر مسلط، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بے بس، ملازمین کا بے دخلی کا مطالبہ

کراچی : سروسز اسپتال کراچی کے ریٹائر اسٹیورڈ عاشق حسین نے تاحال سروسز اسپتال پراپنا تسلط قائم کر رکھا ہے۔ ڈیڑھ ماہ قبل ریٹائر ہونے والااسٹیورڈ سارا دن اسپتال کے ایم ایس آفس اور ایڈمنسٹریشن میں بیٹھا رہتاہے۔ عاشق حسین کا زیادہ تر وقت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں گزرتا ہے جبکہ وہ دن کاکھانا بھی ایم ایس آفس کے عملے کے ساتھ کھاتا ہے اور ملازمین کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے نام سے ہراساں کرتا ہے ۔

سابق اسٹیورڈ عاشق حسین 2 جون 2022 کو ریٹائر ہوگیا لیکن سارا دن ایم ایس آفس کے علاوہ ایڈمن آفیسر ڈاکٹر سکندر کے دفتر میں بیٹھتا ہے جس سے اسپتال کے انتظامی امور متاثر ہوتے ہیں لیکن ایم ایس ڈاکٹر خالد بخاری اسپتال میں اس کا داخلہ بند کرنے سے قاصر ہیں ۔عاشق حسین کی جانب سے نرسوں اور ملازمین کو دھمکانے کے واقعات معمول بن چکے ہیں

ذرائع کے مطابق عاشق حسین ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ری امبرسمنٹ اور میڈیکل سیکشن میں کام کراکر بھاری رشوت وصول کر رہا ہے۔ سرکاری ملازمین جب اپنے بل ری ایمبرسمنٹ کے لئے اسپتال آتے ہیں تو عاشق کمیشن کے عوض ان کے بل پاس کراتا ہے جبکہ نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی بنا کر دیتا ہے جس کے لئےپاک ایکسرے اور نیشنل ایکسرے سے بغیر ٹیسٹ کرائے جعلی رپورٹس بنواتا ہے پھر ڈاکٹروں کو دباؤ میں لے کر جعلی سرٹیفیکیٹ بنوادیتا ہے جس کے عوض بھاری رشوت لیتا ہے۔

سروسز اسپتال کراچی کے ڈاکٹروں ، نرسوں ، پیرامیڈیکل و دیگر اسٹاف نے ایم ایس ڈاکٹر خالد بخاری سے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹائر اسٹیورڈ عاشق حسین کا اسپتال میں داخلہ بند کیا جائے بصورت دیگر وہ اسپتال میں احتجاج کریں گے اور وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو شکایت کریں گے۔