پشاور : ایل آر ایچ نے ایک سال میں تقریباً 50 ہزار خون کے بیگز مریضوں کو دیے۔ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں 0 نیگیٹو خون فراہم کرنے والا پہلا ہسپتال ، 0 نیگیٹو خون کسی بھی بلڈ گروپ مریض کو لگایا جاسکتا ہے ایمرجنسی میں مریضوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔
ہسپتال ترجمان نےخون کے عطیے کے عالمی دن کے موقع پر ایل آر ایچ بلڈ بنک کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا ،بم دھماکوں،کینسر ،ڈائیلاسز اور کورونا کے مریضوں کو مفت خون فراہم کیا جاتا ہے۔
ایل آر ایچ کے بلڈ بینک آفیسر ڈاکٹر محمد امان خان کے مطابق ایل آر ایچ کا بلڈ بنک 24 گھنٹے سال بھر بغیر کسی وقفے کے خون کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے جبکہ بہت دفعہ ایک مریض کو ایک سے لے کر 10 اور 20 بیگز تک خون یا ایف ایف پی لگایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں پہلی دفعہ کسی ہسپتال کی ایمرجنسی میں 0 نیگیٹو بلڈ کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے۔ 0 نیگیٹو خون کا گروپ کسی بھی گروپ کے مریض کو لگایا جا سکتا ہے جس سے ان کی جان بچائی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر امان نے کہا کہ حالیہ پولیس لائنز بم دھماکے سمیت کسی بھی دھماکے میں ایل آر ایچ نے خون کے عطیے کی اپیل نہیں کی بلکہ ہم کسی بھی ناخوشگوار واقع کے پیش نظر خون کی وافر مقدار کو بچا کے رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایل آر ایچ کا بلڈبنک کسی بھی کاغذی کارروائی سے پہلے ایمرجنسی میں لائے گئے مریضوں جس میں ایکسیڈنٹ ،گائنی وغیرہ کے کیسز شامل ہیں کو فوری خون کی فراہمی کرتی ہے۔
اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بلڈ بینک کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے جنہوں نے نارمل حالات کے ساتھ ساتھ بم دھماکوں میں زخمیوں کو بروقت خون کی فراہمی کو یقینی بنایا۔