جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پنجاب میں پہلی بار 55 ہزار قیدیوں کی ہیلتھ اسکریننگ پروگرام کا آغاز ؛ اڈیالہ جیل میں افتتاحی تقریب

راولپنڈی : نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پنجاب بھر میں پہلی مرتبہ 55 ہزار قیدیوں کے ہیلتھ سکریننگ پروگرام کا افتتاح کیا۔ پنجاب کی 43 جیلوں میں بیک وقت جاری ہیلتھ سکریننگ 17 مارچ تک پانچ دن میں مکمل کی جائے گی جس کے دوران مریضوں کے ایڈز، ہیپاٹائٹس، ٹی بی، شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کرنے علاوہ انکا قد اور وزن بھی چیک کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی آئی جی جیل خانہ جات رانا راؤف، ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈاکٹر فاروق، سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اسد جاوید واڑئچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی اور ڈسٹرکٹ ڈیزیز سرویلنس آفیسر ڈاکٹر وقار احمد بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہیلتھ سکریننگ پروگرام کے تحت قیدیوں کے تمام ٹیسٹ بلامعاوضہ کئے جائیں گے، انکی ویکسین بھی کی جائے گی اور جن قیدیوں میں کسی مرض کی تشخیص ہو گی انکو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ سکریننگ کیلئے پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں خصوصی کاؤنٹرز قائم کئے گے ہیں جن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہو گا اور تمام ضروری طبی سامان بھی وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ 

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں چھ ہزار سے زائد قیدیوں موجود ہیں جنکی ہیلتھ سکریننگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قیدیوں کی سکریننگ کیلئے چار ڈاکٹرز تعینات ہیں اور اس کے علاوہ 24 پیرا میڈیکل سٹاف بھی ڈیوٹیاں بھی سرانجام دیں گے۔ وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پنجاب کی سات بڑی جیلوں کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے جبکہ ڈاکرز اور ہیلتھ سٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے قیدیوں کی سکریننگ کے حوالے سے محکمہ ہیلتھ راولپنڈی کی کاوشوں کو سراہا۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل نے کہا کہ قیدیوں کی سکریننگ کے ساتھ تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں گی اور ہیلتھ سکریننگ کیلئے تمام ضروری ٹیسٹنگ کٹس اور سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کے جیل پہنچنے پر جیل پولیس کے چاک و چو بند دستے نے سلامی پیش کی۔ صوبائی وزیر نے جیل کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اسیران سے جیل میں علاج و معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اسیران نے علاج و معالجہ سمیت دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔